پاکستان vs ویسٹ انڈیز۔ پہلا ٹی ٹونٹی میچ۔ 63 رنز کی آسان جیت۔ پہلے تو سب پاکستانیوں کو مبارک ہو کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں با آسانی 63 رنز سے ہرا دیا، اور دوسرا یہ کہ آج کی پوسٹ میں پاکستانیوں کے لئے مبارک بادوں کی پوری سیریز ہے۔ دوسری مبارک باد تمام کرکٹ فینز کے لئے اور وہ یہ کہ پاکستان نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ایک کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کا ورلڈ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے رات ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے ہرا کر۔ پاکستان نے کیلنڈر ائیر میں 18 میچز جیت کر اپنا ہی 2018 میں بنایا گیا 17 میچز جیتنے کا ورلڈ ریکارڈ اور بہتر کر لیا ہے۔ اور اس ریکارڈ کو اور بھی بہتر کیا جا سکتا ہے اگلے دونوں میچز جیت کر اور یہ ورلڈ ریکارڈ 20 جیتوں تک پہنچایا جا سکتا ہے جو دوسری ٹیموں کے لئے ہمیشہ ہی مشکل ٹاسک رہے گا۔ ویسے آج ریکارڈز ہی کی بات کرتے ہیں تو پاکستان وہ واحد ٹیم ہے جو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 100 میچز جیت چکی ہے رات پاکستان نے اپنا 115 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ جیتا، پاکستان نے اب تک 187 میچز کھیلے ہیں۔ یہ ہوگئی تیسری مبارک باد، قبول کریں۔ رات کھیلے گئے میچ محمد رضوان نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 78 رنز کی بہترین باری کھیلی اور ساتھ ہی کیلنڈر ائیر میں 1201 رنز بنانے والے دنیائے کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ چوتھی مبارک باد۔ اور اس بہترین بلے باز نے ایک اور شاندار ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا اور وہ یہ کہ ایک کیلنڈر ائیر 100 چوکے مارنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے محمد رضوان نے اب تک اس سال میں 105 چوکے مار رکھے ہیں 24 اننگز میں۔ پانچویں مبارک باد۔ تو اب بتائیں اس بہترین کھلاڑی کی کتنی تعریف کی جائے میں تو کہتا ہوں جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے کیونکہ یہ کھلاڑی ہمیں صرف خوشیاں ہی خوشیاں دیتا ہے بس آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ۔ تیرے جیا کوئی نئی محمد رضوان۔ رات کے میچ میں چار اور کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی جن کی بات کرنی بنتی ہے، اور مبارک باد دینی بنتی ہے۔ پہلی مبارک باد حیدر علی کو جو کل کے میچ کے مین آف دی میچ بنے، بہت بہت مبارک ہو ینگ مین ہمیشہ ایسے ہی کھیلو۔ حیدر علی نے 68 رنز کی جارحانہ باری کھیلی بہترین باری کھیلی، یہ نوجوان پلئیر بڑا ہی باصلاحیت ہے، سٹائلش ہے اور شکر ہے کہ آہستہ آہستہ واپس فارم میں آ رہا ہے۔ میچ کی دوسری مبارک باد ہمارے بہترین آل راؤنڈر محمد نواز کے لئے جو کل واقعی ہی پورے پورے آل راؤنڈر لگے۔ محمد نواز نے صحیح معنوں میں آل راؤنڈر کارکردگی دکھائی کل کے میچ اور اپنی سلیکشن کو ایک بار پھر درست ثابت کیا، 10 گیندوں پر 30 رنز کی طوفانی باری جس میں دو ایفرٹ لیس چھکے بھی شامل تھے، محمد نواز دن بدن نکھر کر سامنے آ رہے ہیں بیٹنگ میں بھی۔ باؤلنگ میں بھی کفایتی رہے پہلی ہی بال پر وکٹ حاصل کی اور بعد میں بھی نپی تُلی باؤلنگ کی اور صرف 24 رنز دئیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز نے کرکٹ کے تیسرے اور اہم شعبے میں یعنی کہ فیلڈنگ میں بھی اپنا سو فیصد دیا اور 2 شاندار کیچز پکڑے۔ ویری ویلڈن بوائے۔ میچ کی تیسری مبارک باد بنتی ہے وسیم جونئیر کے لئے۔ باؤلنگ میں وسیم جونئیر نے 40 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کئے اور یہ وسیم جونئیر کی بہترین کارکردگی تھی اس میچ میں، وسیم نے اس میچ میں اپنے یارکر کا دم بھی دکھایا اور اپنی رفتار سے بھی شائقینِ کرکٹ کے دل جیتے۔ یہ انتہائی باصلاحیت کرکٹر بہترین پاور ہٹنگ بھی کر سکتا ہے بس موقع ملنے کی دیر ہے۔ میچ کی چوتھی مبارک باد بنام شاداب خان۔ شاداب کی شاندار فارم جو کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے جاری ہے وہ بنگلہ دیش سے ہوتی ہوئی کراچی میں پہنچ گئی ہے۔ شاداب نے رات کھیلے گئے میچ میں بھی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کئے۔ شاداب خان ایسے ہی کھیلتے رہو اور مبارکیں وصول کرتے رہو۔ اوور آل پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ایک آسان جیت بڑے ریکارڈز کے ساتھ پاکستان کے حصے میں آئی، اور دُعا یہی ہے کہ ایسی شاندار جیتیں ہمیشہ ہمارے حصے میں آتی رہیں۔ آخر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان آئے کھیلنے کے لئے اور ہماری شان بڑھائی اب کراچی کی عوام بھی اپنا کردار ادا کرے اور گراؤنڈ میں جا کر میچز دیکھیں تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور ہمارا روشن چہرہ دنیا کے سامنے آئے۔ پاکستان زندہ باد۔۔ عاطف عنایت۔

Comments